امدادی قیمت کا اعلان نہ کرنے سے گندم کی فصل تباہ ہوگئی ، شاہد رشید

172

اسلام آباد (کامرس ڈیسک)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ گرمی کی موجودہ لہر رہی سہی زراعت کو بھی برباد کر رہی ہے جس سے ملک میں فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ مزید سنگین ہو رہا ہے۔پانی کی زبردست کمی، یوریا کی بلیک مارکیٹنگ گندم کی امدادی قیمت کے اعلان میں تاخیر جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری بیجوں نے گندم کی فصل کو برباد کر دیا ہے اور ملک میں گندم کا خوفناک بحران جڑ پکڑ رہا ہے۔شاہد رشید بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ کئی ماہ سے بار بار کی نشاندہی کے باوجود پاکستان نے بھارت سے گندم درآمد نہ کر کے غلطی کی اور اب بھارت نے گندم کی برآمد پر پابندی لگا دی ہے جس سے پاکستان سستی گندم کی درآمد کے آپشن سے محروم ہو گیا ہے اور اسے دیگر ممالک سے مہنگی گندم درآمد کرنا پڑے گی جس سے اس کی قیمت بڑھے گی ۔گندم برآمد کرنے والے دیگر ممالک بھی برآمدات بند کر رہے ہیں مگر ان حالات کے باوجود بعض عناصر پاکستان سے گندم برآمد کرنا چاہتے ہیں جس کی اجازت دینا خودکشی ہو گی۔ ساری سرکاری مشینری گندم کی ا سمگلنگ روکنے میں ناکام ہو رہی ہے جو حیران کن ہے۔ فرٹیلائیزر کے بحران سے سرمایہ داروں اور ذخیرہ اندوزوں نے اربوں روپے کمائے مگر ان کے خلاف کارروائی نہ کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا گیا۔معیشت کے سب سے بڑے اوراہم ترین شعبے اور سب سے زیادہ روزگار دینے والے شعبے سے کھلواڑ بند کیا جائے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان سمیت تئیس ممالک قحط سالی کا شکار ہیں جن میں افغانستان، انگولا، برازیل، برکینا فاسو، چلی، ایتھوپیا، ایران، عراق، قازقستان، کینیا، لیسوتھو، مالی، موریطانیہ، مڈغاسکر، ملاوی، موزمبیق، نائجر، صومالیہ، جنوبی سوڈان، شام، امریکا اور زیمبیا شامل ہیں۔