کووڈ کے دوران رکھے گئے ملازمین کو ریگولر نہیں کیا جاسکتا، سعید غنی

321

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سیسی کے گریڈ 1 سے15 اور اس سے اوپر کے گریڈ کے وہ ملازمین جن کے پروموشن نہیں ہوتے ہیں ان کو ٹائم اسکیل کی فراہمی کی ابتدائی منظوری گورننگ باڈی دے رہی ہے تاہم ان کے تمام کیسز کا جائزہ سیکرٹری محنت اور کمشنر سیسی مل کر لیں گے اور اپنی رپورٹ مرتب کریں گے۔ کووڈ کے دوران جن ملازمین کو وقتی طور پر رکھا گیا تھا ان کو ریگولر نہیں کیا جاسکتا، البتہ یہ ملازمین سیسی کے زیر انتظام چلنے والوں اداروں میں ملازمت کے لیے اپنی درخواستیں دے سکتے ہیں جہاں ان کو ترجیح دی جائے گی۔سیسی میں کام کرنے والے نجی سیکورٹی گارڈز کی کم سے کم اجرت 25 ہزار کردی گئی ہے اور اس سلسلے میں مذکورہ سیکورٹی کمپنی سے نیا معاہدہ کرکے انہیں پابند کیا گیا ہے کہ ملازمین کو کم سے کم اجرت 25 ہزار دینے کے ساتھ ساتھ ان کو سیسی اور ای او بی آئی میں بھی رجسٹرڈ کروانے کے پابند ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کے روز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں اپنی زیر صدارت منعقدہ سندھ سوشل سیکورٹی (سیسی) کی گورننگ باڈی کے 159 ویںاجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محنت لئیق احمد، کمشنر سیسی احمد علی قریشی، وائس کمشنر صفدر علی، ڈاکٹر شاہ محمد نورانی، ارکان گورننگ باڈی زاہد سعید، محمد خان ابڑو، شاہ جہاں احمد شیخ، عبدالوحید شورو اور دیگر شامل تھے۔