حلیم عادل کے گھر پر چھاپے،سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

247

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی کے ایم پی ایز نے سندھ اسمبلی میں حلیم عادل شیخ کے گھر پر چھاپوں کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی۔قرارداد پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان، شہزاد قریشی، ادیبہ حسن، جمال صدیقی، ڈاکٹر سیما ودیگر نے جمع کرائی۔اس قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ہم حلیم عادل شیخ کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔سندھ حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات انتہائی شرمناک ہیں۔سندھ میں جمہوریت کے چیمپئن بننے والے جمہوریت کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز کو منصوبہ بندی کے تحت ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ہماری لسٹیں بنائی جارہی ہیں تاکہ پی ٹی آئی کیخلاف جعلی مقدمات بنائے جائیں۔امپورٹڈ حکومت کا مقصد ہے پی ٹی آئی کو احتجاج سے روکا جائے۔ امپورٹڈ حکومت اسلام آباد مہم روکنے کیلیے ہتھکنڈے آزمارہی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے عدالت میں خود کو سرنڈر کیا۔سندھ پولیس کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کو چاروں طرف سے گھیر لیا گیا۔ سندھ ہائیکورٹ کو گھیرنے کا مقصد یہ ہے کہ حلیم عادل ضمانت نہ لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو سیاسی طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔