اقوام متحدہ نے پاکستان کو خشک سالی سے متاثرہ ممالک میں شامل کرلیا

601
اقوام متحدہ نے پاکستان کو خشک سالی سے متاثرہ ممالک میں شامل کرلیا

نیویارک: اقوام متحدہ نے خشک سالی سے متاثر ہونے والی فہرست میں پاکستان کو بھی شامل کرلیا ہے جس میں امریکا سمیت دیگر 22ممالک بھی شامل ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بنجرپن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ گلوبل لینڈ آئوٹ لک میں پاکستان بھی ان 23ممالک میں شامل ہے جو گزشتہ 2برسوں سے خشک سالی کی ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارے یو این سی سی ڈی کی رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ گزشتہ صدی کے دوران خشک سالی سے سب سے زیادہ متاثر ایشیائی ممالک کے باشندے ہوئے تھے اور اب صورت حال یہی نظر آرہی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ زمین کی 40فیصد سطح تباہ حالی کا شکار ہے جو نہ صرف دنیا کی نصف آبادی بلکہ 44کھرب ڈالرز کے نزدیک عالمی معیشت کے نصف کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔

رپورٹ میں 2050تک درپیش ہونے والے خطرات کی پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2050تک اضافی 40 لاکھ مربع کلومیٹر قدرتی علاقوں کو حیاتیاتی تنوع، پانی کے ضابطے، مٹی اور کاربن کے ذخیرے کے تحفظ، اور ماحولیاتی نظام سے متعلق بحالی اقدامات کرنا ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق جن ممالک کو خشک سالی کی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے ان میں پاکستان کے علاوہ امریکا،افغانستان، انگولا، برازیل، برکینا فاسو، چلی، ایتھوپیا، ایران، عراق، قازقستان، کینیا، لیسوتھو، مالی، موریطانیہ، مدغاسکر، ملاوی، موزمبیک، نائجر، سومالیہ، جنوبی سوڈان، شام اور زیمبیا شامل ہیں۔