ٹریفک پولیس کی رانگ وے پر آنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں 

256

کراچی:کراچی میں ٹریفک پولیس نے رانگ وے پر آنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ روز 387 ڈرائیوروں کا چالان کیا گیا، شہر بھر کے 122 ڈرائیوروں کو خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔مہم کے دوران 145 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔

اس حوالے سے ٹریفک پولیس  نے بتایاکہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد مالیت کے چالان کیے گئے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں حادثات میں اضافے کے باعث ٹریفک خلاف ورزی پر چالان کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کے مطابق ٹریفک خلاف ورزی پر چالان کرنے والے پولیس افسران کی تعداد بڑھادی گئی، اب کراچی کی شاہراہوں پر اے ایس آئی سے انسپکٹر تک 388 افسران چالان کرسکیں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے کہا کہ ماضی میں ٹریفک پولیس کے 1100 ملازمین کراچی کی شاہراہوں پر چالان کرتے تھے، کراچی پولیس چیف نے ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری کے لیے چالان کا اختیار 90 سیکشن افسران تک محدود کردیا تھا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ماضی میں ٹریفک پولیس اہلکار یومیہ 10 ہزار سے زائد چالان کرتے تھے۔

ذرائع ٹریفک پولیس کے مطابق پابندی کے بعد ٹریفک چالان کی یومیہ شرح کم ہوکر 800 تک آگئی تھی۔احمد نواز چیمہ نے کہاکہ ہیوی ٹریفک کی وجہ سے حادثات کے واقعات میں اضافہ سامنے آیا ہے، ٹارگٹ کی بنیاد پر چالان کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔