اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کے بجائے عمران خان سیاسی مخالفین کو ہٹ کریں،  پرویز الٰہی

494
political opponents

اسلام آباد:  اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی  نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کے بجائے عمران خان سیاسی مخالفین کو ہٹ کریں۔ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں بہتری کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ 

میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جب عمران خان کے پاس جاتا تو یہی کہتا ہوں کہ ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی نہیں کرنی بلکہ ہمارا ہدف ہمارے سیاسی مخالفین ہونے چاہئیں۔اس سے زیادہ  نیوٹریلٹی  کیا ہو گی کہ ایک وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی اور اسٹیبلشمنٹ نے اس دوران کچھ نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پونے چار سالہ دورِ اقتدار میں خارجہ پالیسی کے محاذ پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اْن کے تعلقات میں اْونچ نیچ آتی رہی اور معاملات حل بھی ہوتے رہے۔ کوشش ہے کہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات بہتر ہوں۔عمران خان چاہتے ہیں کہ قومی اسمبلی کے لیے انتخابات فوری ہوں جب کہ صوبائی حکومتیں اپنی مدت پوری کریں۔

چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عمران خان جو دباؤ ڈال رہے ہیں اور لانگ مارچ کا عندیہ دے رہے ہیں، وہ اسی لیے ہے کہ جلد سے جلد نئے الیکشن ہوں۔ اب  شہباز شریف کیوں بیساکھیاں تلاش کر رہے ہیں؟  اب یہ کیوں کسی کو ملوث کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟اب یہ حکومت کریں اور ڈلیور کر کے دکھائیں۔ اشیاء کی قیمتیں نیچے لے کر آئیں اور بجلی کا مسئلہ ٹھیک کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو اگر فوری طور پر سہارا نہ ملا تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔  شریف برادران کے ساتھ ہمارا ٹریک ریکارڈ اتنا اچھا نہیں تھا۔ اْنہوں نے ہر موقع پر ہمیں دھوکہ دیا۔  22 برس تک مسلم لیگ (ن)کے ساتھ رہے اور کئی مواقع پر وزارتِ اعلیٰ کے وعدے کے بعد بھی ہمیں دھوکہ دیا گیا۔