سندھ میں ڈائیریا اور پیچش کے کیسز میں اضافہ

648

کراچی: صوبہ سندھ میں 2 ماہ کے دوران ڈائیریا اور پیچش کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 60 روز میں 2 لاکھ بچے ڈائریا اور پیچش کا شکار ہو کر اسپتال پہنچے ہیں جن میں 5 سال سے کم عمر کے 78 ہزار 881  اور 5 سال سے زائد عمر کے 85 ہزار 104 بچے ڈائریا کا شکار ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں 5 سال سے کم  عمر کے 9 ہزار 442 جبکہ 5سال سے زائد عمر کے 12 ہزار 703 بچے پیچش کا شکار ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں ہیضے کے باعث 161 سے زائد بچے اسپتال پہنچے ہیں۔دوسری جانب ڈائریا سے اب تک سندھ میں تین بچے زندگی کی بازی ہارچکے ہیں جبکہ ڈائریا سے ایک ہلاکت جامشورو، کیماڑی اور ایک عمرکوٹ میں رپورٹ ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق 80 فیصد کیسز سندھ کے دیہی اضلاع میں سامنے آئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق گرمی بڑھنے اور صفائی کی ناقص صوتحال سے ڈائیریا کیسز بڑھ رہے ہیں۔