18 مئی سے ہیٹ ویو، دوبارہ شدید ہونے کا امکان

337

کراچی: شہرِ قائد کراچی میں رواں ہفتے، 18 مئی سے ہیٹ ویو دوبارہ شدید ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل (منگل)موسم گرم رہنے کا امکان ہے، کراچی میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ کے دیگر شہروں جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ حیدرآباد، میرپور خاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، تھرپارکر میں پارہ 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ٹھٹھہ اور بدین میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔ دوسری جانب عالمی ماہر موسمیات جیسن نکولس کا کہنا ہے کہ  پاکستان اور شمال مغربی بھارت میں گرمی کی لہر میں آج (منگل) سے کمی کا امکان ہے، افغانستان پر موجود مغربی ڈسٹر بنس سے بدھ تک گرمی کی شدت کم ہوگی۔