حیدرآباد، غیر قانونی فلٹر پلانٹس کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

180

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے محمد سہیل خان کی ہدایت پر غیر قانونی فلٹر پلانٹس /آر او پلانٹس کے خلاف آپریشن کا فیصلہ، تینوں تعلقوں کے لیے چھاپا مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، 25 مئی تک اپنے ناجائز کنکشنز رجسٹرڈ نہ کرانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عندیہ۔ میڈیا سیل ایچ ڈی اے کے جاریکردہ اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے نے شہر میں جا بجا غیر قانونی فلٹر پلانٹس /آر او پلانٹس کی موجودگی اور واسا کی لائنوں سے براہ راست بڑے پیمانے پر پانی کے تجارتی استعمال پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کے خلاف بھرپور آپریشن کی ہدایت کی ہے۔وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں واسا کی کارکردگی اور محصولات کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس میں مینیجنگ ڈائریکٹر واسا انجم سعید، ڈائریکٹرریکوری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ تعلقہ سٹی، لطیف آباد اور قاسم آباد کے گلی محلوں میں بے شمار فلٹر پلانٹس /آر اوپلانٹس کام کررہے ہیں جن میں سے بیشتر پلانٹس پر واسا کی لائنوں سے نا جائز کنکشنز لے کر بڑے پیمانے پر پانی کا کاروبار کیا جا رہا ہے جو کہ ایک غیر قانونی عمل ہے۔انہوں نے ایسے پلانٹس کے خلاف بھرپور آپریشن کی ہدایت کی۔ہدایت پر عمل کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر واسا انجم سعید نے تینوں تعلقوں میں کارروائی کے لیے علیحدہ علیحدہ ٹیمیں تشکیل دیں جو 25 مئی تک دی گئی مہلت ختم ہوتے ہی 26 مئی سے اپنے اپنے علاقوں میں کارروائی کا آغاز کردیں گی۔اعلامیہ میں ایسے تمام فلٹر پلانٹس آر او پلانٹس مالکان کو ان کے اپنے وسیع تر مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 25 مئی تک رضا کارانہ طور پر اپنے ناجائز کنکشنز کو دائرہ قانون میں لانے کے لیے واسا کے متعلقہ آفس سے رابطہ کریںبصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔