حیدرآباد، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا پانی کی قلت کیخلاف احتجاج

186

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ میں پانی کی قلت کے خلاف سندھ یونائٹیڈ پارٹی حیدرآباد کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر روشن برڑو، ڈاکٹر بدر چنا، سمیع چانڈیو، عبدالغفار چانڈیو، ذوالفقار تھیبو ودیگر نے کہاکہ پی پی حکومت مسلسل پانی کے معاملے میں وفاق سے اپنے اقتدار کی خاطر مصلحت والا معاملہ اختیار رکھے ہوئے ہیں سندھ میں پانی کی قیمت پر اقتدار حاصل کرنے والی پیپلز پارٹی وفاق میں اقتدار کے حصے کی خاطر پانی کے مسئلے پر مصلحت کا شکار ہے دوسری جانب پنجاب کو پانی کا پورا حصہ دیاجارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ چشمہ ، تھل کینال کے ذریعے دریائے سندھ کا پانی چوری کیاجارہا ہے پانی پر ڈاکا ڈالا جارہاہے سندھ میں پانی کی قلت کے باعث زراعت کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے جس کی ذمہ دار پی پی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ میں غیر قانونی واہ ، شاخون اور کینال کے ذریعے حکومت کے من پسند ذمہ د اروں کی زمین آباد کی جارہی ہیں جبکہ عام آباد گار شدید پریشانی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے 70 فیصد شہروں اور گوٹھوں میں پانی نہیں ہے ،پیپلز پارٹی 30سال سے سندھ میں اقتدار پر ہے لیکن وہ سندھ کی عوام کو پانی تک فراہم نہ کرسکی ،پیپلز پارٹی کی سندھ سرکار وفاق میں سندھ کا کیس پیش کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سندھ کو پانی فراہم نہ کیا گیا تو فصلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔