بدین گولارچی، ساحلی اور نہری ٹیل میں زرعی پانی کا شدید بحران

456

بدین(نمائندہ جسارت)بدین کے ساحلی علاقوں اور نہری ٹیل میں زرعی اور پینے کے پانی کی قلت کے خلاف بدین گولارچی اور ملکانی میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنا ہر جانب العتش لعتش کی صدائیں بلند، بدین کو پانی فراہم کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق بدین ضلع کے ساحلی اور نہری ٹیل میں زرعی اور پینے کے پانی کی قلت بحران کی شکل اختیار کر گئی روڈ راستوں احتجاجی مظاہروں ریلیوں اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہا۔ بدین میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے سیکڑوں کارکنوں کا مہران چوک سے بدین پریس کلب احتجاجی ریلی اور بدین پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا جبکہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے گولارچی میں ریلی نکالی گئی اور دھرنا بھی دیا گیا۔ ملکانی شہر میں سکھر بیراج کی نہری ٹیل میں پانی کی قلت اور پانی چوری کے خلاف بدین کے شہر ملکانی شہر میں سندھ آبادگار تنظیم کی اپیل پر پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس موقع پر آبادگار رہنماوں پیر فیاض راشدی طارق محمود آرائیں زاہد گجر حاجی علی دلوانی امان اللہ شاہ لطف ملکانی رازق دلوانی سلیم چانڈیو حاجی عوامی تحریک کے ایاز کھوسو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے باوجود نہری پانی کی چوری روکنے اور نہری ٹیل تک پانی پہنچانے کی ہدایت کے باوجود سندھ حکومت اور محکمہ انہار عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کر رہا علاقہ میں قحط اور خشک سالی کی صورت حال برقرار ہے ماہ رمضان اور عید کے موقع پر پانی دستیاب نہیں تھا۔ سندھ آباد گار تنظیم کے رہنماؤں نے احتجاجی کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیرپور گنمبوہ سب ڈویژن کی 17 شاخوں میں پانی کی شدید قلت ہے اور ضلع بھر کی نہری ٹیل میں پانی کی قلت کے باعث فصلیں تباہ ہوچکی ہیں پینے کا پانی دستیاب نہیں کاشتکار مسلسل کئی ماہ سے احتجاج کر رہے ہیں، افسوس حکمران عدالت کے حکم پر بھی عملدرآمد نہیں کر رہے۔بدین میں سندھ ترقی پسندھ پارٹی کے کارکنوں نے پارٹی کے رہنماؤں شاہ نواز سیال علی حیدر پھنور راجہ اعجاز خواجہ پھنل نظامانی غلام قادر مردانی رسول بخش چانگ حنیف جٹ جبار منگریو کی قیادت میں مہران چوک سے بدین پریس کلب تک نہری پانی کی قلت کے خلاف ریلی نکالی اور محکمہ انہار سیڈا ایریا واٹر بورڈ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے کارکنوں نے مرکزی نائب صدر ایڈوکیٹ امیر آزاد پھنور ضلعی صدر حیدر شاہ دانش نور اور دیگر کی قیادت میں گولارچی کے نہری ٹیل کے علاقوں احمد راجو کھور واہ ترائی کڑیو گھنور اور دیگر ساحلی علاقوں میں نہری اور پینے کے پانی کی طویل اور بدترین قلت کے خلاف بائی پاس چوک سے گولارچی شہر تک احتجاجی مارچ کیا اور شہید فاضل چوک پر دھرنا دیا۔