حیدر آباد ، سیکرٹری اطلاعات سندھ کی ضلعی دفاتر جلد مکمل کرنے کی ہدایت

251

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری محکمہ اطلاعات حکومت سندھ عبد الرشید سولنگی نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات حیدرآباد ڈویژن کے ضلعی دفاتر کی تعمیر کا کام مکمل ہونے کے بعد صوبائی حکومت کے عوامی فلاح و بہود کے منصوبوں کی بہتر تشہیر کو یقینی بنانے اور صحافیوں کو ان کی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے سہولیات فراہم کرنے میں مددملے گی۔اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد سوائی خان چھلگری، ڈپٹی ڈائریکٹر سجاول میر عالم جوکھیو،ڈپٹی ڈائریکٹرٹنڈو الہیار خالد حسین کمبوہ،ڈپٹی ڈائریکٹر مٹیاری محمد صابر کاکا،ڈپٹی ڈائریکٹرٹھٹہ سعید میمن،ڈپٹی ڈائریکٹر بدین محمد یعقوب بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹنڈو محمد خان کلثوم کھوسو،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر دادو عبدللطیف سولنگی اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر جامشورو عالمگیر رانجھانی نے شرکت کی۔ سیکرٹری اطلاعات سندھ عبد الرشید سولنگی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ زیر تعمیر دفاتر کے کام کی رفتار کو تیز کریں اور معیار ی کام کو یقینی بناتے ہوئے ان اسکیموں کوہرصورت 30 جون تک مکمل کریں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ دفاتر کے تعمیراتی کام میں اگر کوئی رکاوٹیں حائل ہیں تو انہیں فوراً دور کیا جائے جبکہ انہوں نے اس ضمن میں ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد سوائی خان چھلگری کو ہدایت کی کہ وہ ہرہفتے زیر تعمیر ضلعی دفاترکا معائنہ کریں اورکام کے معیار کو یقینی بنائیں۔ ایکسیئن بلڈنگس ٹھٹھہ نے اجلاس کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس ٹھٹھہ اورڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس سجاول رواں مالی سال مکمل نہیں ہوسکتے جس پر سیکرٹری اطلاعات سندھ عبدالرشید سولنگی نے اپنی برہمی کااظہار کرتے ہوئے بلڈنگس ڈپارٹمنٹ کے تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ہر صورت زیر تعمیرضلعی دفاتر کی اسکیموں کورواں مالی سال میں مکمل کریں تاکہ سرکاری فنڈز لیپس نہ ہوںبصورت دیگر متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔