مزدوروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں

214

کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن احمد علی قریشی نے میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹرشاہ محمدنوناری اور ڈائریکٹرانجینئرنگ کے ہمراہ کلثوم بائی ولیکا سوشل سیکورٹی سائٹ اسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ کمشنر سیسی نے اسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیااور کہا
کہ اچھی صحت کے لئے صفائی انتہائی لازمی جزو ہے، لہٰذا اسے ترجیحی بنیادوں پر صحت کے اصولوں کے مطابق بہتر بنایا جائے۔ کمشنر سیسی نے اسپتال کے اسٹاف اور پیرامیڈیکس کی حاضری چیک کی اور وقت کی پابندی یقینی بنانے پر زور دیا۔اس موقع پر میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ولیکا اسپتال ڈاکٹراعظم سلہری نے کمشنر سیسی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ولیکا اسپتال سیسی کا سب سے بڑا اسپتال ہے جو سیسی کے رجسٹرڈ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کررہا ہے۔ کمشنر سیسی ہسپتال کے شعبہ حادثات‘ شعبہ ناک‘کان‘حلق‘ سرجیکل آپریشن تھیٹر‘ سرجیکل آئی سی یو‘شعبہ امراض قلب‘ بلڈ بینک‘ لیبارٹری‘ ایکسرے ڈپارٹمنٹ اور سینٹرل میڈیکل اسٹور بھی گئے اور محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو فراہم کی جانے والی ادویہ اور دیگر سہولتوں کاجائزہ لیا۔ کمشنر
سیسی نے کہاکہ محنت کشوں کو بہترین طبی سہولتوں اور معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس پر کسی قسم کو سمجھوتہ نہ کیاجائے۔ انہوں نے موقع پرموجود محنت کش مریضوں اور ان کے لواحقین سے ان کے مسائل بھی معلوم کیے۔ اس موقع پر کمشنر سیسی نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈائریکٹر انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ اسپتال میں جاری
مرمت کاکام جلد از جلد مکمل کیاجائے تاکہ محنت کشوں اور اْن کے لواحقین کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں میسر آسکیں۔