ادارے کی ترقی کے لیے وقت کی پابندی کریں‘ کمشنر سیسی

210

کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی احمدعلی قریشی نے ادارے کے ڈاکٹرز اور میڈکل افسران پر زور دیا کہ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور اسپتالوں دیگر طبی مراکز میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزیدبہتر بنایاجائے۔ یہ بات انہوں نے سیسی ہیڈآفس میں ادارے کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹس(M.S’s)، چیف میڈیکل آفیسرز(CMO’s)اور ادارے کی میڈیکل انتظامیہ کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ادارے کے میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹرشاہ محمدنوناری، ڈائریکٹرپروکیورمنٹ اور میڈیکل افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیسی کے میڈیکل شعبے کی مجموعی کارکردگی اور محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر سیسی نے کہا کہ پابندی وقت اور ڈسپلن کسی بھی ادارے کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس سے کہاکہ آپ خدمت خلق کے شعبہ سے وابستہ ہیں اور اپنے فرائض خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہاکہ سوشل سیکورٹی اسکیم کو موثر بنانے کا انحصار ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی خدمات پر ہے کیونکہ سوشل سیکورٹی کی بنیاد ہی طبی خدمات ہے۔ کمشنر سیسی نے اسپتالوں میں صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اور اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ میرے اگلے دورے تک اسپتالوں کے وارڈز اور باتھ رومز صاف ستھرے ہونے چاہئیں۔ اجلاس کے دوران کمشنر سیسی نے کہاکہ ہمیں جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہے اور اپنے اسپتالوں کو بہتربنانا ہے کیونکہ ہمارا منصوبہ یہ ہے کہ ہم اپنا میڈیکل کالج بنائیں تاکہ تحفظ یافتہ محنت کشوں کو بہتر سے بہتر علاج معالجے کی سہولتیں میسر آسکیں۔