بلدیہ غظمیٰ لاہور کے مزدور مسائل حل کرائیں گے ، شمس سواتی

185

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ہوں، سابقہ، 75 سال سے مزدوروں، کسانوں اور ملک کے ساتھ کھیل ایک ہی ہے کہ انہیں محروم رکھناہے۔ مراعات اور عیاشیاں جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور افسر شاہی کے لیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ عظمیٰ لاہور کی خدمت ایمپلائز یونین (CBA) کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ کم از کم تنخواہ کا اعلان کردیا جاتا لیکن عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔ خود حکمرانوں کی اپنی فیکٹریوں کا یہ حال ہے وہاں تو مزدوروں کو سوشل سیکورٹی EOBI، WWF کی رجسٹریشن سے بھی مزدوروں کو محروم رکھا گیا ہے ان کے دیکھا دیکھی تمام مالکان ان قوانین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ انہوں نے بلدیہ عظمیٰ لاہور میں گل نواز سواتی کی قیادت میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے والی خدمت ایمپلائز یونین ملحقہ نیشنل لیبر فیڈریشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کے نام نہاد لیڈروں نے ان کے راستے میں بے پناہ رکاوٹیں کھڑی کیں لیکن ان سب کو انہوں نے عبور کیا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن ہر مشکل میں گل
نواز خان کے ساتھ کھڑی تھی اور کھڑی رہے گی۔ ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد اب اصل کامیابی بلدیہ عظمیٰ لاہور کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ اور ان کے لیے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کے ساتھ اس ادارے کی ترقی اور لاہور کے شہریوں کے لیے اس کی خدمات کو یقینی بنانا، اس کو مافیا سے نجات دلانا بڑاچیلنج ہے مافیاز کو حکمرانوں کی سرپرستی حاصل ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکرللہ مجاہد، گل نواز سواتی، محمد احمد، ملک عدنان، دنیا روحیل، اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا اور گل نواز خان اور ان کی ٹیم کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور مبارکباد دی۔