عمران خان ویڈو ابھی سامنے لائیں

423

سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ میں نے قتل کی سازش کے ذمے داروں کے نام ریکارڈ کرادیے ہیں، اس میں سب کے نام ہیں، مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو قوم کے سامنے آئے گی پھر سب کو پتا چل جائے گا کہ سازش میں اندر اور باہر سے کون کون ملوث ہے۔ سابق وزیراعظم اس بات کو اچھی طرح جانتے ہیں کہ قتل کی سازش اور وہ بھی سابق وزیراعظم کے قتل کی سازش ایسی نہیں ہوئی کہ وہ مبینہ مقتول کو تو پہلے سے پتا چل جائے اور کسی کو اس کی کانوں کان خبر نہ ہو۔ لیاقت علی خان کو اپنے قتل کی سازش کا پتا نہیں تھا۔ چلیں وہ سادہ لوگ تھے۔ بے نظیر بھٹو اور ان کی پارٹی کو بھی پتا نہیں چلا کہ بے نظیر کے قتل کی سازش ہورہی ہے۔ شاید قوم کو یاد ہو کہ قتل کی سازش کی ایک اطلاع عبدالستار ایدھی نے بھی دی تھی وہ بھی ایک خط لکھ گئے تھے کہیں محفوظ تھا۔ انہیں تو قتل نہیں کیا گیا لیکن اس زمانے کی اسٹیبلشمنٹ کو چیلنج کرکے ایک قومی حکومت کی تجویز دینے والوں اور اس کے لیے کام کرنے والوں حکیم سعید، محمد صلاح الدین جیسے لوگوں کو ایک ایک کرکے قتل کردیا گیا۔ بعد میں ایدھی صاحب پاکستان آگئے تھے لیکن وہ خط سامنے آنا تھا نہ سامنے آیا۔ عمران خان کی ویڈیو ان کے (خدانخواستہ) قتل کے بعد کسی کام کی نہیں اگر وہ کسی سازش کا انکشاف کررہے ہیں تو وہ ویڈیو ابھی سامنے لائیں تا کہ قوم کے سامنے اصل کردار آجائیں۔ وہ اپنی حکومت ختم ہونے کے بعد بتارہے ہیں کہ مجھے جون جولائی میں سازش کا پتا چل گیا تھا کہ میرے خلاف عدم اعتماد لائی جائے گی لیکن وہ کچھ نہ کرسکے۔ ویسے انہیں جون جولائی میں سازش کا علم تھا تو اپریل میں امریکی خط سے سازش کیسے ہوگئی۔ خان صاحب اپنی زندگی کے حوالے سے سیاست نہ کریں آپ قوم کے لیے بڑے قیمتی ہیں اتنی آسانی سے اپنی زندگی کے بارے میں سیاسی حیلے نہ بنائیں، آجائیں مووی اور ویڈیو سامنے لے آئیں۔