گھر سے روٹی لینے نکلنے والا8 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل

424

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں سفاک ملزم نے 8 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد ذبح کردیا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیاہے۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف تھانے کی حدود قائد آباد نیشنل ہائی وے ایبٹ فارما میڈیکل کمپنی کے عقب میں واقعے عمر ماروی گوٹھ میں فیصل پبلک اسکول پیالہ ہوٹل کے قریب واقع ایک لائبری کی عقبی گلی سے 8 سالہ بچے کی لاش ملی ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 8 سالہ شاکر حسین ولد عبد الرشید کے نام سے کی گئی، مقتول کو ملزمان نے گلے پر تیز دھار آلے کے ذریعے بے دردی سے شہ رگ کاٹ کر ذبح کیا تھا۔شاکر حسین کے غم زدہ والد نے بتایا کہ انہیں بالکل بھی امید نہیں تھی کہ ان کا بچہ اس طرح خون میں لت پت ملے گا۔والد نے بتایا کہ شاکر گزشتہ رات 9 سے 10 بجے کے درمیان لا پتا ہوا، اس وقت علاقے میں بجلی چلی جاتی ہے اور ہر طرف اندھیرا ہوتا ہے۔بچے کے والد نے بتایاکہ گھر میں چاول پکے تھے اور شاکر چاول نہیں کھاتا تھا، اسے روٹی چاہیے تھی تو وہ روٹی لینے باہر گیا، ہوٹل لائبریری کے پاس ہی ہے، لیکن جب آدھ پونا گھنٹا وہ واپس نہیں آیا تو میں نے پریشان ہو کر علاقے میں تلاش کر دی اور پورا علاقہ چھان مارا۔ انھوں نے کہا اس دوران لائبریری کے قریب لوگوں کا رش دیکھا، پھر میرا پڑوسی بھاگتا ہوا آیا کہ لائبریری میں ایک بچے کی لاش پڑی ہے۔والد نے اعلیٰ حکام ملوث افراد کوسخت سزادینے کا مطالبہ کیا ۔