لوڈشیڈنگ سے نجات کے دعوے دھرے رہ گئے،جماعت اہلسنت

237

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے ناظم ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری،علامہ سید عبد القادر شیرازی،علامہ خلیل الرحمان چشتی،مولانا الطاف قادری ودیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری بند کرے۔سخت گرمی کے دنوں میں بجلی کی طویل بندش سے شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے فری لوڈ شیڈنگ کے بلند و بانگ دعوے دھرے رہ گئے۔ فالٹ کے نام پر کئی کئی گھنٹے بجلی کا تعطل تشویشناک ہے، کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کر کے رکھ دیا ہے۔کے الیکٹرک انتظامیہ ماضی کی طرح فرنس آئل اور گیس کی کمی کو لوڈ شیڈنگ کی وجہ قرار دے کر جان نہیں چھڑا سکتی، کراچی سے بھاری رقوم وصول کرنے والابجلی تقسیم کار ادارہ پیداوار میں اضا فہ کرے۔رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ،اوور بلنگ، فیول ایڈجسمنٹ کے نام پر صارفین سے لوٹ مار افسوسناک ہے۔ شہرکراچی کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ کراچی سے منتخب نمائندوں نے بھی شہریوں کو لا وارث چھوڑ دیا ہے۔