چینی قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام، خاتون خودکش بمبار گرفتار

287

تربت: چینی قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام، انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے تربت سے خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق تربت سی ٹی ڈی اور وومن پولیس نے خفیہ اطلاع پر ہوشاب میں آپریشن کے دوران خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کرلیا ہے جس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ خاتون کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے مجید بریگیڈ سے ہے، دہشت گردوں کی جانب سے تیار خود کش بمبار خاتون سی پیک روٹ پر چینی قافلہ کو نشانہ بنانا جاہتی تھی اور گرفتار خاتون کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے کراچی یونیورسٹی میں خودکش حملہ کیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار کے نیٹ ورک کو پکڑنے کے لیے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں چین کے اساتذہ کو لے جانے والی وین کو خودکش بمبار نے دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں تین چینی باشندے اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔