بیرونی سازش کے نتیجے میں منتخب جمہوری حکومت پر شب خون مارا گیا، عمران خان

144
relations with Russia

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش کے نتیجے میں منتخب جمہوری حکومت پر شب خون مارا گیا، سازش کے اہداف مکمل کرنے کیلئے پوری دستوری سکیم کو یکسر انداز کیا گیا۔

راولپنڈی اسلام آباد کی خواتین وکلاء کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ وکلا خواتین کے جوش و جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، سازش اور شرارت کے ماحول میں شعبہ قانون سے وابستہ افراد کی قوم کو اشد ضرورت ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش کے نتیجے میں منتخب جمہوری حکومت پر شب خون مارا گیا، اور اس سازش کے اہداف مکمل کرنے کیلئے پوری دستوری سکیم کو یکسر انداز کیا گیا، اسپیکر کی واضح رولنگ، پارلیمان کی بالادستی اور صدر و گورنر کے اختیارات سب پر کلہاڑیاں چلائی گئیں، مجرموں پر محیط کٹھ پتلی حکومت عوام کے جمہوری و آئینی حقوق بھی سلب کرنے کو تیار ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سیاسی مخالفین اور میڈیا میں تنقیدی آوازوں کو دبانے کیلئے بدترین انتقامی حربے استعمال کئے جارہے ہیں، قوم کٹھ پتلی سرکار کے آمرانہ طرزِ اقتدار کو مسترد، حقیقی آزادی کے تحفظ کیلئے تیار ہے، اسلام آباد کی کال دوں گا تو بزدل مجرموں کے سازشی ٹولے کو چھنے کی جگہ نہیں ملے گی۔