پی ٹی آئی نے سیالکوٹ میں جلسے کا مقام تبدیل کر دیا

326

اسلام آباد/سیالکوٹ :پاکستان تحریک انصاف نے سی ٹی آئی گراونڈ میں جلسے پر کرسچن کمیونٹی کے احتجاج کو سامنے رکھتے ہوئے جلسے کے مقام کو تبدیل کرتے ہوئے سیالکوٹ کے وی آئی پی گراونڈ میں کرنے کا اعلان کر دیاہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہاکہ ہمار ے پر امن لوگوں پر تشدد کیا گیا ، سیالکوٹ میں جلسہ ہر صورت ہو گا، ایسی کارروائیاں ہوں تو ہمیں پہیہ جام کرنا پڑے گا،سیالکوٹ میں جو ہوا وہ بالکل ناجائز ہے ، سیالکوٹ میں ہمارے لوگ پرامن طور پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان شام چھ بجے سیالکوٹ پہنچیں گے ، نااہل حکومت کو کہتے ہیں کہ ہم جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں، وی آئی پی گراونڈ میں جلسہ ہر صورت ہو گا ، خواجہ آصف کے کہنے پر تشدد کیا گیا جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں، ہم جمہوری طریقے سے اپنا حق استعمال کرنا چاہتے ہیں، گراونڈ پر جلسے کا معاہدہ ہوا کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ رات کے تین بجے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،عمران خان شام چھ بجے سیالکوٹ پہنچیں گے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی نے کہاہے کہ عمران خان نے ہر صورت سیالکوٹ جانے کا فیصلہ کر لیاہے۔