ڈیرہ بگٹی میں ہیضے کی وبا بے قابو، 5 افراد جاں بحق ہوگئے

485
Cholera

 ڈیرہ بگٹی:بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں ہیضے کی وبا پر قابو نہیں پایا جا سکا، 3 روز میں متاثرہ افرادکی تعداد 910 تک پہنچ گئی، ہیضے سے اب تک پانچ افراد انتقال کرچکے ہیں۔

سیکریٹری صحت بلوچستان آغا صالح ناصرکا کہنا ہے کہ ادویات کی وافر مقدار پیرکوہ پہنچا دی گئی ہے، صورت حال کے پیش نظر 4 نئی میڈیکل ٹیمیں اور 10کیمپ قائم کر دیےگئے ہیں۔ڈیرہ بگٹی میں ہیضے کی وبا بے قابو ہوگئی۔

آغا صالح ناصرکا کہنا تھا کہ ضلعے میں ہیضے کے ساتھ ٹائیفائڈ اور ہیپاٹائٹس کے کیسز بھی ہیں، ضلعے میں سول اسپتال نہیں، رورل ہیلتھ سینٹر ہے جس کواپ گریڈ کیاجائےگا۔

دوسری جانب رہنما بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر سرفراز بگٹی نے بلوچستان حکومت کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئےکہا ہےکہ حکومت غلط اعداد و شمار پیش کر رہی ہے، پیرکوہ میں بچوں سمیت اب تک20 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھاکہ ہیضے سے متاثرہ 524 مریض آج اسپتالوں میں داخل ہوئے، پیرکوہ ڈیرہ بگٹی میں ہیضے سے آج ایک شخص کاانتقال ہوا، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیراعظم پیرکوہ میں ہیضےکی وبا کا نوٹس لیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پیرکوہ ڈیرہ بگٹی میں ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے مزید کتنی اموات کی ضرورت ہے؟۔