دردانہ صدیقی کی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں خاتون صحافی کے قتل کی مذمت

87

کراچی (نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے غاصب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے الجزیرہ نیوز نیٹ ورک سے وابستہ خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت کا فریضہ انجام دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر کے شیریں ابو عاقلہ نے اسرائیلی دہشت گردی کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے آشکار اور بے نقاب کر دیا ہے۔ اسرائیل جتنا چاہے طاقت آزما لے، فلسطینی حریت پسندوں اور مسلم حق پرستوں کی آواز دبا نہیں سکے گا۔ عالمی ادارے اسرائیل کی سرپرست طاقت امریکا کا احتساب کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ افغانستان، عراق، شام، لیبیا، صومالیہ جیسے ممالک کو تباہ کردینے کے ذمے دار طاقتیں اسرائیل کے جنگی جرائم پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ، حالیہ واقعہ نے سیکولر مغرب کے دہرے معیار کو ایک بار پھر پوری شدت سے بے نقاب کردیا ہے۔دردانہ صدیقی نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لیں اور خاتون صحافی ابو عاقلہ کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دلوائیں۔