ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے کیلیے ایمنسٹی اسکیم کی منظوری

215

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی حکومت نے ایک سے زاید پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ایمنیسٹی اسکیم کی منظوری دے دی۔ وزارت داخلہ کی طرف سے وفاقی کابینہ کوایمنیسٹی اسکیم کے لیے بھیجی جانے والی سمری پر گزشتہ کابینہ اجلاس میں منظوری دی گئی۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کی جانب سے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کو مفاد عامہ میں منظور کیا گیا ہے جس سے اندرون ملک اور بیرون ممالک مقیم پاکستانی یکساں استفادہ کرسکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل 2006ء سے 2016ء تک وفاقی حکومت 6 ایمنسٹی اسکیمز جاری کرچکی ہیں جن سے تقریباً 12,000ایک سے زاید شناخت والے پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کیے گئے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ایمنیسٹی اسکیم سے تقریباً 38ہزار ایک سے زاید شناخت رکھنے والے پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کیے جاسکیں گے۔ ایمنیسٹی اسکیم کو زیادہ سے زیادہ مؤثر بنانے کے لیے پاکستان اور بیرون ملک مناسب تشہیر کی جائے گی۔ دریں اثناوفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے 10مئی کے اجلاس میں ایک سے زاید پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کرنے کی منظوری دی گئی ہے، غیر ملکی پاسپورٹس منسوخ کرنے کی خبر غلط رپورٹ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2 پاکستانی پاسپورٹس رکھنا جرم ہے، 2 پاکستانی پاسپورٹ منسوخ کرنے کی آخری تاریخ 31دسمبر مقرر کی گئی ہے ، تاہم فیصلے کا اطلاق بیرون ملک شہریت یا غیر ملکی پاسپورٹ پر نہیں ہوگا۔