ڈالر میں تاریخی اضافے کے ذمے دار عمران ہیں، مریم اورنگزیب

217

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے معیشت کی تباہی، ڈالر کی تاریخی بلند ی کا مجرم عمران خان کوقرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گمبھیر مسائل کی دلدل میں عمران خان نے دھنسایا ہے، آج ڈالر میں تاریخی اضافہ ہو رہا ہے تو عمران صاحب
ذمے دار ہیں، ڈالر 193 پر عمران خان کی وجہ سے گیا ہے، 2 پاکستانی پاسپورٹس رکھنا جرم ہے، غیر ملکی پاسپورٹ منسوخ کرنے کی خبر غلط رپورٹ ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چودھری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے پر عمران صاحب نے دستخط کیے جس کی سزا عوام کو مہنگائی کی صورت مل رہی ہے، ملک میں 4 سال نالائقوں، نااہلوں، کارٹلز اور عمران مافیا کی حکومت کی وجہ سے معاشی دہشت گردی کی گئی۔ علاوہ ازیں انہوں نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ وفاقی کابینہ کے 10 مئی 2022ء کے اجلاس میں پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کے تحت ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ غیر ملکی پاسپورٹ منسوخ کرنے کی خبر غلط رپورٹ ہوئی ہے۔ 2 پاکستانی پاسپورٹ منسوخ کرنے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2022ء مقرر کی گئی ہے، اس فیصلے کا اطلاق بیرون ملک شہریت یا غیر ملکی پاسپورٹ پر نہیں ہوگا۔