روس کیساتھ سستے تیل و گیس کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ‘ مصدق ملک

257

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے توانائی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ سستے تیل و گیس کا تاحال کوئی معاہدہ سامنے نہیں آیا جبکہ روس سے تیل لینے کے کیا اثرات ہوں گے یہ بھی دیکھنا پڑے گا‘ روس اور ایران پر پابندیاں لگ رہی ہیں۔ اس موقع پر گزشتہ3 سال میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات وزارت توانائی نے ایوان میں پیش کر دیں جس کے مطابق 3 سال میں گھریلو سلنڈز کی قیمت میں 1200 روپے سے زایدکا اضافہ ہوا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزرا کی عدم شرکت پر ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کے وزرا کی شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی‘13جماعتی حکومتی اتحاد کورم کے 86 ارکان پورے نہ کرسکا جبکہ کورم ٹوٹنے کے باعث قومی اسمبلی اجلاس پیر کے روز 4 بجے تک ملتوی کرنا پڑ گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزرا کی شرکت کو یقینی بنایا جائے‘ ہر وزیر ایوان میں آیا کرے۔ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا اکبر چترالی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں وزرا کیوں موجود نہیں ہیں؟ اب وفاقی کابینہ پر بھی فاتحہ پڑھ لے‘ اگر اسی طرح ایوان چلانا تھا تو پچھلا شورشرابے والا ایوان ہی ٹھیک تھا‘ اس وقت بھی کورم کا مسئلہ تھا‘ آج بھی کورم کا مسئلہ ہے ‘ اگر اسی طرح وزرا کو غائب ہونا تھا اور ایوان خالی رکھنا تھا تو تبدیلی کا فائدہ۔