بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

71

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ نے تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی صوبے بھر میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر حکم امتناع کی درخواست کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے مطابق سندھ میں عدالت عالیہ نے انتخابی شیڈول سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کرنے کی تحریک انصاف اور جی ڈی اے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکومت سندھ اور الیکشن کمیشن کو آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ تحریک انصاف اور جی ڈی اے کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے کی۔ کیس کی آئندہ سماعت24 مئی کو ہوگی۔ سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت جب تک تحریری جواب جمع نہیں کراتے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ والے نوٹیفکیشن کو معطل کیا جائے، جس پر چیف جسٹس سندھ نے ریمارکس دیے کہ سوری ہم بلدیاتی انتخابات نہیں روک سکتے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اس طرح ہم انتخابات کیسے روک سکتے ہیں جبکہ بلدیاتی الیکشن کرانے کا عدالت عظمیٰ کا حکم نامہ بھی موجود ہے۔