برآمدی صنعتوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، جاوید بلوانی

291

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) کراچی کی ایکسپورٹ انڈسٹریز کو درپیش گیس بند ش اور گیس پریشر نہ ہونے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کو ہدایت جاری کی جائیں کہ وہ کراچی کی برآمدی صنعتوں کو درکار مناسب دباؤ کے ساتھ 24گھنٹے بلاتعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنے برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل کر سکیں۔یہ مطالبہ ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل فورم کے چیف کوآرڈینیٹر محمد جاوید بلوانی نے وزیر اعظم پاکستان سے کیا ۔ جاوید بلوانی نے اپنے 18دسمبر2021کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم کو درخواست کی کہ وہ فوری مداخلت کریں کیونکہ ہر آنے والے دن گیس کی صورتحال ابتر ہو رہی ہے جس کی وجہ سے ایکسپورٹ انڈسٹریز کو ایکسپورٹ آرڈرز کی تکمیل میں تاخیر کے باعث بھاری نقصانات کا اندیشہ ہے۔یہ ایک ستم ظریفی ہے کہ کراچی کی ایکسپورٹ انڈسٹریز جو کہ ملک کی کل برآمدات میں 50 فیصد سے زیادہ کا حصہ ڈالتی ہیں، گیس کے زیرو پریشر کی وجہ سے انتہائی ضروری خام مال یعنی گیس سے محروم ہیں اور یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ انڈسٹریز کو گیس کی فراہمی کی صورتحال ہر آنے والے دن خراب ہوتی جارہی ہیں جس کے برآمدی سامان کی تیاری پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ برآمدی پیداوار مفلوج ہو چکی ہے اور صنعتیں گیس کے بغیر اپنی مکمل صلاحیت پر نہیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے برآمد کنندگان اپنے برآمدی وعدوں کو بروقت پورا کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں۔حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ایکسپورٹ سیکٹرز کو گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے اور گیس ان کی کیپٹیو پاور کے ساتھ ساتھ پروسیسنگ (صنعتی استعمال) کے لیے بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ تاہم یہاں کراچی میں گیس پریشر صفر ہونے کی وجہ سے 16 گھنٹے گیس نہیں آتی اور دن میں صرف 8 گھنٹے گیس فراہم کی جاتی ہے۔ مزید برآں، ہمارے کراچی کے کئی برآمد کنندگان کے پاس صرف RLNG کنکشن ہیں۔