برینڈن میک کولم انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

449

لندن (جسارت نیوز)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برینڈن میک کولم کو انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 40سالہ برینڈن میک کولم 2جون سے لارڈز میں شروع ہونے والے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ فی الحال وہ انگلینڈ کا ورکنگ ویزہ ملنے کے منتظر ہیں۔ برینڈن میک کولم کو ٹیسٹ ٹیم کا کوچ بنانے کا فیصلہ انگلش کرکٹ بورڈ کے سلیکشن پینل کا متفقہ تھا جس میں سی ای او ٹام ہیریسن، ایم ڈی راب کی، اسٹریٹجک ایڈوائزر اینڈریو اسٹراس اور پرفارمنس ڈائریکٹر مو بوباٹ شامل ہیں۔نیوزی لینڈ کے سابق جارح مزاج بیٹسمین برینڈن میک کولم ان دنوں انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچ ہیں۔وہ 101ٹیسٹ میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ 2012سے 2016کے درمیان نیوزی لینڈ کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔برینڈن میک کولم، کرس سلور ووڈ کی جگہ لیں گے، جنہوں نے فروری میں آسٹریلیا میں ایشز میں بھاری شکست کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔