اسرائیلی فوج کا جنین پر دھاوا ، جھڑپوں میں 10فلسطینی زخمی

342
اسرائیلی فوج خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ کے جنازے پر دھاوا بول کر فلسطینیوں پر تشدد کررہی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں واقع جنین پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور مسلح فلسطینیوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں،جن میں 10افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب صہیونی فوج نے الجزیرہ کی خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ کے جنازے پر دھاوا دیا،جس کے نتیجے میں مقتولہ کا تابوت زمین پر گرگیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق صہیونی اہل کار الجزیرہ کی خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ کا تابوت لے جانے والے جلوس پر ٹوٹ پڑے اور شرکا کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ یاد رہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فورسز نے شیرین ابو عاقلہ کو گولی مار دی تھی۔ انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ ادھر عبرانی اخبارات نے کہا ہے کہ تل ابیب حکومت خاتون صحافی کے قتل پر ٹھوس جواب دینے میں ناکام رہی ہے۔ اسرائیلی میڈیا خاتون صحافی کے قتل پر صہیونی حکومت کا دفاع کرنے میں ناکام ہے۔ اس سلسلے میں فلسطینیوں کا موقت بہت ٹھوس اور قابض حکومت اس کے آگے بے بس نظر آتی ہے۔