امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان انتقال کر گئے، 40روزہ سوگ کا اعلان

317
متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی فائل فوٹو

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق وزارت صدارتی امور نے شیخ خلیفہ کے انتقال پر ملک بھر میں 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان اپنے والد شیخ زاید بن سلطان النہیان کے انتقال کے بعد 3 نومبر 2004 ء سے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمران کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 1948 ء میں پیدا ہوئے ۔ وہ متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور ابوظبی کی امارات کے سولہویں حکمران تھے ۔ وہ ملک کے پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان کے بڑے صاحب زادے تھے۔صدر خلیفہ بن زاید النہیان ایک عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوکر بہت کمزور ہوگئے تھے جس کے باعث ملکی امور ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان چلا رہے تھے۔ شیخ خلیفہ کے دور میں متحدہ عرب امارات میں تیز رفتار ترقی دیکھی گئی۔ انہوں نے ملک کے لیے پہلا اسٹریٹجک منصوبہ بھی بنایا تھا۔ انہوں نے تیل اور گیس کے شعبے اور چھوٹی صنعتوں کی ترقی کو آگے بڑھایا ،جس سے ملک کے معاشی تنوع میں کامیابی ملی۔اس کے علاوہ انہوں نے امارات کی فلاح و بہبود کے لیے ملک بھر کے دورے کیے اور اس دوران انہوں نے ہاؤسنگ، تعلیم اور سماجی خدمات سے متعلق منصوبوں کو یقینی بنایا۔شیخ خلیفہ کے انتقال پر ابوظبی حکومت کو دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔