ہوم انٹرنیشنل سیریز ، پارٹنرشپ رائٹس کی بولی میں 77 فیصد اضافہ

373

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای نے سیزن 23-2022 میں شامل تمام مینز اور ویمنز ہوم انٹرنیشنل سیریز کے پارٹنرشپ رائٹس کی خریداری کے لیے سب سے زیادہ بولی لگا دی ہے۔ انہوں نے ان حقوق کی خریداری کے لئے گزشتہ سیزن کے مقابلے میں 77 فیصد زائد قیمت کی بولی لگائی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئندہ 12 ماہ مینز اور ویمنز انٹرنیشنل ہوم سیریز کے شیڈول کے باضابطہ اعلان کے بعد اس عرصے کے لیے ٹینڈر کھولا گیا تھا۔ چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ ہوم انٹرنیشنل سیریز کے پارٹنرشپ رائٹس کی بولی میں اضافے سے پاکستان کرکٹ کی مضبوط مارکیٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر ٹرانس گروپ کے مشکور ہیں۔ اس موقع پر وہ پی سی بی کے شعبہ کمرشل، فنانس اور لیگل کی انتھک محنت کو بھی سراہتے ہیں۔ فیصل حسنین نے کہا انہیں یقین ہے کہ آئندہ ہوم انٹرنیشنل سیزن ایکشن سے بھرپور ہوگا، جہاں شائقینِ کرکٹ بابر اعظم اور بسمہ معروف کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیموں کو سپورٹ کرنے کے منتظر ہیں۔ڈائریکٹر ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای راؤ عمر ہاشم خان کا کہنا ہے کہ وہ سائیکل 23-2022 کے لیے ایک مرتبہ پھر پی سی بی کے ساتھ شراکت داری کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں.