کندھکوٹ، کوش برادری کے دو گروپوں میں مسلح تصادم ، 4 افراد قتل

142

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) کشمور کچے کے گیہل پور کے علاقے گاؤں ربو کوش میں کوش برادری کے دو گروپس میں دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد قتل اور ایک سات سالا بچہ جاوید کوش زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر مختلف تھانوں کی پولیس موقعہ واردات پر پہنچ گئی اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لیکر کشمور اسپتال پہنچایا۔ اس موقع پر کشمور پولیس کے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ شہر کے لوگوں کو ملنے والی دھمکیوں کے سلسلے میں ہم کچے کی طرف ملزمان کے خلاف آپریشن کر رہے تھے۔ اطلاع ملی کے کوش برادری کے دو گروہوں میں خونی تصادم ہو گیا ہے۔ مرنے والے جانعو، صوبہ، سہنو اور موٹو کوش جرائم پیشہ افراد تھے جن پر مختلف تھانوں کے کافی کیس درج تھے اور وہ پولیس کو بھی مطلوب تھے۔ دوسری جانب مقتولین کے ورثا کا کہنا تھا کہ ہم کسی شادی کی تقریب میں جا رہے تھے کہ ظالموں نے ہمارے لوگوں پر اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ہمارے چار افراد قتل ہو گئے اور سات سالا بچہ گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ چار افراد کو رشتے داری کے پرانے تنازع پر قتل کیا گیا ہے۔ آخری اطلاع آنے تک کیس داخل نہ ہو سکا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آ سکی۔ علاقہ نو گو ایریا بنا ہوا ہے۔ کسی بھی وقت جھگڑا بڑھنے کا خطرہ موجود ہے۔