خطرہ ہواتوافغانستان پرحملہ کرسکتے ہیں،امریکی جنرل

342

واشنگٹن (اے پی پی)امریکا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر وہاں سے کوئی خطرہ محسوس ہوا توامریکا اس خطرے کو روکنے کے لیے افغانستان میں حملے اور آپریشن کی صلاحیت رکھتا ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق انہوں نے امریکی کانگریس کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج افغانستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے پہلے مشن بیان کے حوالے سے اس عزم پر کاربندہے کہ اسے دوبارہ کبھی دہشت گردی کا پلیٹ فارم نہیں بننے دیا جائے گا۔ دوسری جانب افغانستان نے اپنے اس وعدے کو ایک بار پھر دہرایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں افغان حکومت کے نائب ترجمان بلال کریمی نے کہا کہ افغان سرحدیں پہلے سے زیادہ محفوظ ہیں اور افغانستان اپنے اس وعدے پر قائم ہے کہ افغان سرمین کسی ملک کے لیے خطرہ نہیں بنے گی ۔