سری لنکا: عدالت نے سابق وزیراعظم کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگادی

387

 

کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا کی عدالت نے ملک میں شدید مالی بحران کے باعث پھوٹنے والے ہنگاموں اور پرتشددعوامی مظاہروں کے نتیجے میں مستعفی وزیراعظم مہندا راجا پاکسے اور ان کے اتحادی سیاست دانوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی عاید کردی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کی عدالت نے سابق وزیر اعظم مہندا راجاپاکسے، ان کے بیٹے نمل اور 15 ارکان اسمبلی سمیت قریبی سیاسی اتحادیوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی عاید کرتے ہوئے ان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔مقامی عدالت نے یہ حکم ملک بھرمیں حکومت مخالف مظاہرین اور سابق وزیراعظم راجاپاکسے کے حمایتیوں کے درمیان خونی تصادم کے نتیجے میں رکن اسمبلی سمیت درجنوں شہریوں کی ہلاکت سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کے دوران دیا۔عدالت نے پولیس کو بھی حکم دیا کہ حکومت مخالف مظاہرین پر حملوں کی شفاف تحقیقات کرے۔ ان پْر تشدد واقعات میں 250 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرنا پڑا تھا جن میں سے درجن سے زائد جان کی بازی ہار گئے تھے۔واضح رہے کہ سری لنکا میں شدید اقتصادی اور معاشی بحران کے باعث ملک بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے اور شدید عوامی دباؤکے بعد وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے استعفا دیدیاتھا۔