سینیٹ‘ سی پیک اتھارٹی پرمجوزہ ترمیمی بلوں پر کمیٹی کی کارروائی موخر

248

اسلام آباد (آن لائن) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کے چیئرمین نے سی پیک اتھارٹی کے متعلق حتمی فیصلہ ہونے تک سی پیک اتھارٹی کے حوالے سے سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر رضا ربانی اور سینیٹر عبدالقادر کے مجوزہ ترمیمی بلوں پر کمیٹی کی کارروائی کو موخر کر دیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزارت کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال کے ویژن کے مطابق سی پیک اتھارٹی کو ختم کرتے ہوئے پروجیکٹ کے تمام تر معاملات پلاننگ کمیشن کو سونپنے اور پلاننگ کمیشن کے اندر سی پیک پروجیکٹ کے لیے اسپیشل سیکرٹری کی سطح پر ایک افسر کی تعیناتی پر غور کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی پہلے ہی خاطر خواہ کام نہیں کر پا رہی تھی، اب اسکی ضرورت بھی نہیں رہی۔ سی پیک اتھارٹی کو ختم کرنے کے حوالے سے قانون سازی کے لیے بل جلد پیش کیا جائے گا۔سینیٹرز کی جانب سے پی ایس ڈی پی پروجیکٹس پر وزارت کو بھیجی گئی تجاویز پر عدم عملدرآمد پر بات کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔