عمران خان قومی سلامتی کیلیے بڑا خطرہ بن چکے ہیں‘ جاوید لطیف

169

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان قومی سلامتی کیلیے بڑا خطرہ ہیں، جو شخص پاکستان کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز میں اضافہ کرنے کا باعث بنا ہو وہ پاکستان کا خیر خواہ کیسے ہو سکتا ہے؟ جمعہ کے روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کا مقصد پاکستان کے اداروں کو کمزور کرنا ہے، وہ اداروں کو بلیک میل کر کے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، ان کی باتیں ریاست کیلیے کسی صورت بہتر نہیں، وہ ملک میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں، عمرانی فتنے نے پاکستان کی معیشت کو ڈبو دیا، عمران خان ملک میں خانہ جنگی کروانا چاہتے ہیں، یہ ملک کومعاشی دیوالیہ کے ساتھ ساتھ مذہبی منافرت کی طرف لے کر جارہے ہیں۔