جماعت اسلامی سندھ کی صدر بم دھماکے کی مذمت

358

کراچی (اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے کراچی صدر میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت،جاںبحق ہونے والے شخص کے اہل خانہ سے تعزیت، مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جان کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا کہ بم دھماکے میں ایک شخص کی ہلاکت اورتین افراد کے زخمی اور قیمتی املاک کے نقصان نے سندھ میں حکمرانی کی ’’سب اچھا ہے‘‘ کی رٹ اور سیکورٹی انتظامات کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، سندھ میں امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث ہر شہری خوفزدہ ہے،چند دن پہلے کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے بم دھماکے کی ابھی گونج بھی ختم نہیں ہوئی تھی کہ روشنیوں کا شہر ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر ہے،شہروں میں اسٹریٹ کرائم ہوں یا دیہات میں ڈاکو راج سندھ کے حکمران عوام کو بنیادی سہولیات تو دور کی بات امن دینے میں بھی ناکام ہوچکے ہیں، ایسا لگتا ہے جیسے سندھ میں قانون نام کی کسی چیز کا نام ونشان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران وفاق اور سندھ میں اقتدار کے مزے لوٹنے میں مصروف جبکہ عوام مہنگائی،بیروزگاری،بھوک بدحالی اور بے امنی کا سامنا کررہے ہیں۔پاکستان میں دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے دعویدار ایجنسیوں کو چاہیے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹھڑے میں لانے کیلئے موثراقدامات کریں، شہر کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جہاں امن امان برباد کرکے ملک دشمن قوتیں پاکستان کی پہلے سے ابتر معاشی صورتحال کو مزید خراب کرنا چاہتے ہیں، ایک ماہ کے اندر دوسرا بم دھماکہ شہر میں موجود بھاری تعداد میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، صوبائی رہنماء نے سندھ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ صدر بم دھماکے میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے اصل سرپرستوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا سدباب ہوسکے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔