حالیہ ہفتے ملک میں 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،وفاقی ادارہ شماریات

221

اسلام آباد/لاہور(خبر ایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے عوام کا جینا دوبھر کردیا، سالانہ بنیاد پر گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 15اعشاریہ 85 فیصد تک پہنچ گئی۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی ہے،نجی ٹی وی کو موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ملک میں 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں حالیہ ہفتے 6 کی قیمتوں میں کمی جب کہ 17 اشیاکی قیمتیں مستحکم رہیں۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آٹے کے تھیلے میں سب سے زیادہ یعنی 41.78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اس کے علاوہ چکن کی قیمت میں بھی 12.13 فیصد ہوا جب کہ آلو کی قیمت میں 7.04 فیصد، انڈوں میں 5.08 فیصد اور مسور کی دال کی قیمت میں 4.79 فیصد اضافہ ہوا۔اسی طرح ماش کی دال، مٹن گوشت، سگریٹ اور ماچس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر، کیلے، چینی اور ایل پی جی کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی۔وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سالانہ بنیاد پر دیکھا جائے تو گزشتہ ہفتے کے دوران پچھلے سال کی نسبت پیاز، ٹماٹر، لہسن اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں گزشتہ ہفتے کمی آئی لیکن گزشتہ سال کے مقابلے میں اب بھی زیادہ ہے۔دریں اثناگھی اینڈ کوکنگ آئل مینوفیکچرنگ کمپنیوں نے درجہ اول اور درجہ دوم کے گھی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، درجہ اول کے گھی کی قیمت میں 6 روپے 25 پیسے فی کلو جبکہ درجہ دوم کے گھی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے اس اضافے کے ساتھ درجہ اول کے گھی کی قیمت 477 روپے فی کلو جبکہ درجہ دوم کے گھی کی قیمت 460 روپے فی کلو کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب اوگرا نے مئی کے لیے درآمدی ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ۔ اوگرا کی جانب سے مئی کے لیے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ جس کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم کے لیے ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 6.2152 ڈالر اضافہ کیا گیا ہے ۔ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 6.8772 ڈالر فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے ۔ سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 21.8317 ڈالر فی یونٹ مقرر کی گئی ہے ۔ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 23.7873 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے ۔