وزیر خارجہ ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کرلیں،عبدالاکبر چترالی

338

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی اجلاس میں مولانا عبدالاکبر چترالی نے وزیر خارجہ بلاول زرداری سے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔بلاول زرداری آپ کی بھی2 بہنیں ہیں بہنیں بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول زرداری امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں،اللہ بلاول کی بہنوں کو سلامت رکھے ،ڈاکٹر عافیہ صدیقی بھی آپ کی بہن ہے ،بلاول صاحب جب امریکا جائیں تو ڈاکٹر عافیہ سے جیل میں مل کر آئیں۔عبدالاکبر چترالی نے مزید کہا ہے کہ امریکا سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی بات کریں جس طرح یہ ایوان چل رہا ہے یہ اجلاس لندن کے ایوان میں ہونا چاہیے تھا،نوازشریف بھی لندن کے ایوان میں آتے ہمارا اجلاس بھی وہاں ہوتا۔یہ کیا مذاق ہے کہ نوازشریف خود پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے کابینہ کا اجلاس وہاں بلالے، وزارت مذہبی امور سعودی حکومت سے بات کرے کیونکہ چینی ویکسین والے عازمین حج کی درخواستیں نہیں لی جارہی ہیں۔