حکومت ملک میں زکوٰۃ و عشر کا نظام فعال کرے، امیر العظیم

147
جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم منصورہ میں جمعیت طلبہ عربیہ لاہور کے زیر اہتمام فاضلین مدارس دینیہ کے شرکاء سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے حکومت زکوٰۃ وعشر اور صدقات کے نظام کو فعال کرے۔ اسلامی نظام معیشت کے نفاذ سے ملک میں خیروبرکت آئے گی،پاکستان کے عوام بہت ہی مخیر ہیں اور وہ اسلامی نظام معیشت کو اپناناآئیڈیل سمجھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ لاہور کے زیراہتمام منصورہ میں فاضلین مدارس دینیہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ علما کرام منبر و محراب سے ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ، سودکے خلاف وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد اور عوام کی اخلاقی، دینی اقدار کی ترویج کے لیے کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ مدارس دینیہ پاکستان کی اسلامی نظریاتی اساس کے قلعے ہیں۔ دینی مدارس میں پڑھنے والے طلبہ اور فاضلین ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ حکومت دینی مدارس کی گرانٹس میں اضافہ کرے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی شریعت عدالت کے سود کے خلاف فیصلے پر اب حکومت کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ عدالتی احکامات کی روشنی میں بینکنگ و لین دین کے نظام کے لیے روڈ میپ دے۔ اسلامی نظام معیشت کے نفاذ سے ملک میں خیروبرکت آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت زکوٰۃ وعشر اور صدقات کے نظام کو فعال کرے۔