گرمی کی شدت میں اضافہ، سندھ حکومت کاکسانوں کو احتیاط کا مشورہ

94

 

کراچی (نمائندہ جسارت) گرمی کی شدت میں اضافہ، سندھ حکومت نے گرمی کے پیش نظر کسانوں کو احتیاط کا مشورہ دیدیا۔ مشیر زراعت منظور حسین وسان نے کسانوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو پہر 12 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک تیز دھوپ میں کام کرنے سے کسان اجتناب کریں،کسان سر کو کپڑے سے ڈھانپ کرکام کریں۔ فصلوں کو ضرورت کے مطابق پانی دیں۔ منظوروسان نے محکمہ زراعت کے تمام ضلعی افسران کو گرمی میں اضافے کے پیش نظرکسانوں کے لیے کیمپس قائم کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں جہاں بھی پانی کی زیادہ قلت ہے وہاں فصلوں کو صبح یا شام کے وقت پانی کا اسپرے کریں،گرمی لگنے کی صورت میں کسان فوراً قریبی اسپتال میں جائیں۔منظوروسان کاکہناتھا کہ انتہائی گرم اور خشک موسم سبزیوں، باغات اور فصلوں پر دباؤ ڈال سکتا ہے، کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کا انتظام کریں، کاشتکار فصلوں کے بارے میں مزید معلومات کے لیے قریبی زرعی توسیعی عملے یا ہیلپ لائن پررابطہ کریں۔