کرپشن کے خاتمے تک کشکول ہمارے ہاتھ میں رہے گا ، چیئر مین نیب

219

لاہور(نمائندہ جسارت) چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہاہے کہ ملک سے جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوتا اس وقت تک کشکول ہمارے ہاتھ میں رہے گا۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھاکہ نیب کا بنیادی کام کرپشن کا خاتمہ ہے لیکن اس کے لیے بھی ایک مضبوط ادارہ اور مربوط پالیسی کی ضرورت ہے، یہ مناسب نہیں کہ آپ ہر تیسرے دن یہ کہیں کہ ادارے کے پاس فلاں اختیار یا پالیسی نہیں ہونی چاہیے۔جاویداقبال نے کہا کہ پچھلے دنوں ایک صاحب نے کہا کہ ریکوری کہاں چلی گئی؟ نیب کوئی الماری نہیں ہے جس کے اندر ریکوری رکھی گئی ہے، حالیہ مدت میں 50 ارب سے زائد کی ریکوری لوگوں میں تقسیم ہوچکی ہے، وہ لوگ اور ان کی دستاویزات ہمارے پاس بطور ثبوت موجود ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ میں نے گزشتہ ساڑھے 4 برس میں یہی کوشش کی کہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو، خواہ وہ کوئی بھی ہو لیکن یہ لوگ جب آتے ہیں اور ان سے پوچھا جائے کہ آپ نے ایسا کیا ہے؟ تو ان کے ماتھے پر تیوریاں آجاتی ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بداخلاقی اور بدسلوکی کی جارہی ہے، یہ بدسلوکی یا بداخلاقی نہیں ہے، آپ نے لوگوں کی جو امانت لوٹی اس کا کوئی تو ازالہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں دعوت دیتا ہوں کہ جسے بھی حساب کتاب چاہیے وہ نیب کے کسی بھی دفتر میں جب چاہے آکر حساب کتاب لے لے، اگر کوئی خامی نظر آئی تو میں اس کی ذمے داری قبول کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ جتنی ریکوری آج تک ہوئی ہے اس کا حساب موجود ہے، نیب واحد ادارہ ہے جس کا مکمل آڈٹ ہو چکا ہے، کچھ خامیاں ضروری ہوں گی لیکن یقین دلاتا ہوں کہ وہ ارادتاً نہیں ہوئیں، خامیوں سے پاک صرف رب کی ذات ہے۔