کراچی میں ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مسئلہ حل کریں گے،شرجیل میمن

397

کراچی (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کراچی بندر گاہ پہنچ گئے،صوبائی وزیر محنت سعید غنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔شرجیل میمننے چین سے پہنچنے والی بسوں کا معائنہ کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ سب سے پہلے کراچی کے تمام رہنے والے بہنوں، بھائیوں، بزرگوں ، طالب علموں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔سندھ حکومت کے اقدام کے بعد کراچی میں بسوں کے آنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کی پہلی فلیٹ پہنچ گئی ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ پروجیکٹ کے تحت پہلے فیز میں 240 بسیں آنی تھیں، 49 پہنچ چکی ہیں۔ آئندہ ہفتے مزید بسیں آئیں گی، بسوں کا مکمل فلیٹ 20 جون تک کراچی پہنچ جائے گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عبدالستار ایدھی (اورنج لائن) کی بھی مکمل فلیٹ آچکی ہے، جس میں 20 بسیں ہیں۔ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس جلد شروع کر دی جائے گی جبکہ اورنج لائن کا ٹریک جیسے ہی مکمل ہوگا ، اس کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے جا رہی ہے۔ یہ سلسلہ یہاں رکے گا نہیں، بسوں کی تعداد ہزاروں میں بڑھائیں گے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو اچھی اور بہترین ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہوگی۔ اور یہ کراچی تک سلسلہ محدود نہیں، سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی میگا اسکیمیں لائی جا رہی ہیں۔ چند سال میں سندھ میں ٹرانسپورٹ کا بہترین انفرااسٹرکچر بن جائے گا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سعید غنی وزیر محنت نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،کافی عرصے سے یہ منصوبہ طوالت کا شکار تھا، بہت جلد شہر کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ شہری ان بسوں کا خیال رکھیں۔ تاکہ بسوں کو بہتر طریقے سے مینٹین رکھا جا سکے۔