پی ٹی آئی کے سابق وزراکے اثاثوں میں غیرمعمولی اضافہ

254

اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کی کابینہ کے 12وزرار کے گزشتہ 5 سال کے دوران اثاثوں میں غیر معمولی اضافے کا انکشاف ہوا ہے ۔چور چور کا راگ الاپنے والی پی ٹی آئی کے سابق وزراء کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 2015 میں 2 ارب 15 کروڑ روپے تھی جو 2020 میں بڑھ کر ساڑھے 5 ارب روپے ہوگئی۔3 سابق وفاقی وزرا نے انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے اثاثوں کے معاملات پر نوٹس ملنے کی تصدیق بھی کردی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران سابق پی ٹی آئی حکومت کے ایک درجن وفاقی وزراء کے اثاثوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزرا کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 2015 میں 2 ارب 15 کروڑ روپے تھی جو 2020 میں بڑھ کر ساڑھے 5 ارب روپے ہوگئی، اس طرح ان کے مجموعی اثاثوں کی مالیت میں 150 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تحقیقات کے مطابق تحریک انصاف حکومت کے جن سابق وزرا کے اثاثوں میں دن دگنا رات چوگنا اضافہ ہوا ، ان میں شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، اعظم سواتی، عمر ایوب، خسرو بختیار، شفقت محمود، زبیدہ جلال، فہمیدہ مرزا، طارق چیمہ، صاحبزادہ سلطان اور فیصل واوڈا شامل ہیں۔