ملک میں آئینی و سیاسی بحران شدت اختیار کر رہا ہے

140

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پی پی114کے میاں عبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر چودھری انعام الحق،راناوسیم احمدایڈووکیٹ ،جے آئی یوتھ کے صدر وقاص خاںاوردیگرنے کہا ہے کہ ملک میں آئینی و سیاسی بحران ہر آئے روز شدت اختیار کر رہا ہے۔ الیکشن ریفارمز کے بعد فوری انتخابات ہونے چاہییں۔ تینوں بڑی جماعتیں مفادات کی سیاست کر رہی ہیں۔ معاشرے میں تقسیم خوفناک صور ت حال اختیار کر چکی ہیں، سیاست دانوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ نفرتیں اور لڑائیاں بڑھتی رہیں، تو ملک اور ادارے مزید کمزور ہوں گے۔ 74برس سے رائج فرسودہ نظام سے عوام کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ عدالتوں، معیشت، نظام تعلیم اور ایوانوں میں انگریز کا نظام نافذ ہے۔ سامراج کے وفاداروں نے فرسودہ نظام کو سہارا دیا ہواہے‘ چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلے گا‘قوم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سیاست دانوں کو گھر کا راستہ دکھائے‘تینوں جماعتیں بڑے بڑے دعوے کر کے اقتدار میں آئیں، مگر کوئی بہتری نہ لا سکیں۔پی پی پی نے ’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ پر سیاست کی، مگر سندھ پر مسلسل 14برس سے حکومت میں ہونے کے باوجود عام آدمی بنیادی ضروریات زندگی فراہم نہ کر سکی۔ ن لیگ نے ملک کو ’’ایشین ٹائیگر‘‘ بنانے کے دعوے کیے، مگر سالہاسال تک ملک اور پنجاب پر حکمرانی کے باوجود معیشت میں بہتری نہ لا سکی۔ پی ٹی آئی نے نئے پاکستان اور تبدیلی کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنایا مگر ساڑھے تین سال عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔ حکمران اشرافیہ قوم کو مسلسل دھوکا دے رہی ہے۔ حقیقی تبدیلی قرآن و سنت کا نظام لانے سے آئے گی۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ چوکیدار بدلنے کے بجائے نظام کو بدلا جائے۔