دعوت اسلامی سماجی خدمات میں بھی پیش پیش ہے، الیاس قادری

381

سکھر (نمائندہ جسارت) دعوت اسلامی کے سماجی ادارے ایف سی آر ایف کے زیر اہتمام سکھر میں بھی ہیٹ اسٹروک اسٹیبلائز کیمپس کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، گزشتہ روز سکھر کے گنجان آبادی والے علاقے نیوپنڈ میں مولانا حاجی فضیل عطاری، مولانا سید افضل شاہ کی زیر نگرانی کیمپ لگایا گیا علاقہ مکینوں، راہگیروں کو ٹھنڈے میٹھے مشروب اور تازہ ٹھنڈا پانی پیش کیا گیا۔ دعوت اسلامی کے ذمہ داران نے اس موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ صلوٰۃ و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک کے بانی اور امیر اہلسنّت علامہ محمد الیاس عطاری قادری کی ہدایت پر سکھر سمیت ملک بھر میں ایف سی آر ایف کی جانب سے ہیٹ اسٹروک کیمپ لگائے جارہے ہیں تاکہ گرمی کے اس موسم میں لوگوں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی تبلیغ قرآن و سنت کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی پیش پیش ہے انسانیت کی خدمت اور لوگوں کو سہولتوں کی فراہمی بھی ایک نیکی اور بھلائی کا کام ہے۔ انہوں نے ایف سی آر ایف کے رضاکاروں کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے جذبات و احساسات انسانیت کے خدمت کی سوچ و فکر پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھرشہر کے قلب گھنٹہ گھر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھی ہیٹ اسٹروک کیمپس لگائے جارہے ہیں۔