جے یو آئی کے کارکنان بلدیاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں

58

سجاول(نمائندہ جسارت) جمعیت علما اسلام کے کارکن بلدیاتی الیکشن میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں ،اور اپنے اندر جذبہ جہاد اور شوق شہادت کے ساتھ جماعت کے کام کو آگے بڑھائیں۔ گزشتہ رات جمعیت علما اسلام یونٹ سجاول کا ہنگامی عمومی اجلاس حافظ نصراللہ ہاشمانی کی زیرصدارت ہواجس سے خطاب کرتے ہوئے تعلقہ امیر مفتی نذیراحمد عمرانی نے کہاکہ سیاست کا مطلب اپنے لوگوں کے حقوق کی حفاظت ونگہبانی کرناہے ، اس میں تکلیف اور مشقت بھی ہوتی ہے،جمیعت علمائے اسلام کے کارکنان جماعت کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں ، ان شاء اللہ کامیابی نصیب ہوگی۔اجلاس سے مولوی غلام حسین میمن ، مولوی اشرف میمن ، مولویاورانو ر سومروودیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں سجاول کے گیارہ وارڈوں میں جے یوآئی کا پینل الیکشن میں ہوگا،جس کے لیے وارڈوں سے امیدواروں کی درخواستیں طلب کی گئی ہیں ایک دو روز میں تمام پینل مکمل کرکے الیکشن مہم کا آغاز کیاجائے گا۔ اجلاس میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال ، سرکاری اسپتال میں ادویات و سہولیات کی قلت اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیاگیا۔