ملک کی تعمیر و ترقی محنت کشوں کے بغیر ممکن نہیں ہے،ذکراللہ مجاہد

202

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی محنت کشوں کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ بڑھتی ہوئی بیروزگاری،غربت اور معاشی بدحالی کا واحد حل اللہ کے نظام میں ہے موجودہ مہنگائی کے دور میں مزدوروں کازندہ رہنا ایک معجزہ ہے۔موجودہ نظام مزدور اورمحنت کش کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت گروپ( سی بی اے) ایمپلائز یونین میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حلف برداری تقریب میں صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی،سیکرٹری جنرل پاکستان این ایل ایف طیب اعجاز، صدر میڑو پولیٹن کارپوریشن گل نواز سواتی،صدر پنجاب این ایل ایف آمین میناس، صدر لاہور عدنان ملک،فریاد حسن شاہ، آصف مغل، ظفر خان، راحیل اصغر، حسنین فراز، خرم شہزاد، جاویدآتش، میاں بابر سمیت دیگر اداروں کے لبیر یونین رہنما ؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ظلم و جبر اور استحصال پر مبنی نظام نے سترسال میں مزدوروں کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر مزدوروں کو ان کے جائز حقوق دلائے گی۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے مزدوروں کیلیے کچھ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی سیاسی جماعت اس حوالے سے کوئی واضح ویژن رکھتی ہے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلیے ایک جامع پلان تیار کر رکھا ہے۔جماعت اسلامی اقتدار میں آکر مزدوروں کو کارخانوں اور کسانوں کو زمینوں کی پیداوار میں حصہ دار بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کا ادارہ لاہور کی تعمیروترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔اس موقع پر امیر لاہور نے نومنتخب یونین کو جماعت اسلامی کی طرف سے لاہور کی تعمیر وترقی کے لیے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔