شمالی کوریا میں کورونا کیس بڑھنے پر لاک ڈائوں

401

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا کی حکومت نے پہلی بار ملک میں ایک کورونا کیس کی تصدیق کی ہے۔خبررساں اداروں کے مطابق شمالی کوریا نے کورونا وبا کے آغازسے اب تک ملک میں کورونا کیس کی موجودگی سے انکار کیا ہے ، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ اس کی تصدیق کی گئی ہے۔ کورونا کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے ملک میں نیشنل ایمرجنسی نافذ کردی ہے اورلاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اومیکرون وائرس کے کئی کیس سامنے آسکتے ہیں۔ کورونا سے متعلق ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کوپھیلنے سے روکنے کے لیے فوری اورموثر اقدامات کیے جائیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی کوریا کے پاس کورونا سے بچاؤ کی ویکسین نہیں ہے ، کیوں کہ کم جونگ ان کی حکومت نے عالمی ادارہ صحت، چین اورروس کی جانب سے کورونا ویکسین کی فراہمی کی پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔دوسری جانب ملک میں مخدوش صورت حال کے باوجود شمالی کوریا نے مزید میزائل تجربات کرڈالے۔ جنوبی کوریا کے مطابق پیانگ یانگ حکومت نے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے 3میزائل داغے ہیں۔ یہ میزائل دارالحکومت پیانگ یانگ سے داغے گئے، جو سمندر میں جا کر گرے۔ ادھر پے درپے تجربات پر عالمی برادری نے سخت مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی مذمت اور اقوام متحدہ کی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔